Advertisement

Police have Recovered a 7 Year Child from the Kidnappers I Kohat Police Action

Police have Recovered a 7 Year Child from the Kidnappers I Kohat Police Action کوہاٹ پولیس نے دس روز قبل تاوان کی غرض سے اغواء ہونیوالے بچے کو ڈرامائی انداز میں بازیاب کرالیا ہے۔کامیاب کاروائی کے دوران تین اغواء کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر پولیس کی نتیجہ خیز کاروائی میں دو اغوا کاروں کومسافر فلائنگ کوچ گاڑی سے مغوی بچے سمیت گرفتار کیا گیا جبکہ اغواء واردات میں شریک جرم ایک مجرم کو پولیس پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔سات سالہ بچے محمد فہد کو14نومبر کے روز سیکٹر ون کے ڈی اے سے تاوان کی خاطر اغوا کیا گیا تھا۔اغوا کار مغوی بچے کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔اغوا واردات کے بعد مغوی بچے کو لیکر اغوا کار پوزیشن بدلتے رہے۔اغوا کار صوبے کے مختلف شہروں میں روپوش رہے۔شاطر اغواکار پوزیشن بدلنے کیساتھ بیشتر اوقات اپنا موبائل فون بھی بند رکھتے۔اغوا کاروں کے چنگل سے بازیاب بچے کو والدین کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ زیر حراست اغواء کاروں سے واردات کے بارے میں پوچھ گچھ جاری ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے پولیس کی کامیاب کاروائی کے حوالے سے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14نومبر کے روز کوہاٹ کے پوش علاقہ کے ڈی اے سیکٹر ون میں واقع کھیل کے میدان میں فٹ بال کھیلتے ہوئے سات سالہ بچے محمد فہد ولد یاسین سکنہ قادری بانڈہ ٹل ضلع ہنگو حال سیکٹر ون کے ڈے اے کوتاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا جسکی اغوائیگی کا مقدمہ اسکے چچا عبدالرحمان کی مدعیت میں تھانہ کے ڈے اے میں درج کیا گیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ اغواء کی اس واردات کے مقدمے کے اندراج کے بعدایس پی آپریشنز طاہر اقبال،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر شاہ،انسپکٹر ناظر حسین،سول حساس ادارے کے انچارج اے ایس اآئی فہیم اللہ بنگش اور ایس ایچ او کے ڈی اے سیف اللہ پر مشتمل خصوصی سراغ رساں ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے شبانہ روز محنت و لگن اور جدید طرز تفتیش کے دوران اغوا واردات میں ملوث ملزمان تک رسائی حاصل کی اور پولیس نے ابتدائی طور پر کامیاب کاروائی کے دوران ہنگو روڈ کے علاقہ نوے کلے سے ایک اغواکار رئیس ولد سپین گل سکنہ قادری بانڈہ ٹل کو گرفتار کرلیاجس نے ابتدائی پوچھ گچھ میں شریک جرم دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے۔ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس نے جہد مسلسل کے دوران سوموار کے روز کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ایک اور کامیاب کاروائی کرتے ہوئے پشاور کی طرف سے آنیوالے ایک مسافر فلائنگ کوچ سے اغوا برائے تاوان کے مزید دو اغوا کاروں وقاص ولد رئیس اور نعیم گل ولد لاچی خان ساکنان قادری بانڈہ ٹل کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے مغوی بچے محمد فہد کو بازیاب کرالیا۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ تینوں اغواء کاروں کو بچے کے اغواء کے اس مقدمے میں باقاعدہ طور پر نامزد کردیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہیں اور دوران تفتیش ان سے مزید بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کا کہنا تھاکہ پولیس نے ڈیجیٹل انوسٹی گیشن کو بروئے کار لاتے ہوئے بچے کے رشتہ داروں کیساتھ ملکر دن رات ایک کرکے بالآخر اغواکاروں تک رسائی حاصل کی اور انکے چنگل سے بچے کو بازیاب کرکے بحفاظت اپنے والدین کے حوالے کردیا۔ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ اغواکار بچے کے رشتہ دار ہیں جنہوں نے پیسوں کی لالچ میں معصوم بچے کو اغوا کرنے کی گھناؤنے واردات کا ارتکاب کیا۔انہوں نے بتایا کہ اغواء واردات میں ملوث زیر حراست اغواکاروں کو عدالت سے سزا دلانے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں کائی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔پریس کانفرنس کے دوران ڈی پی او نے بچے کو بحفاظت بازیاب کرانے کی کاروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے تمام تر کاروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔پریس کانفرنس سے بازیاب ہونیوالے بچے کے ورثاء نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے بچے کی بحفاظت بازیابی پراطمیان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور خیبر پختونخوا پولیس کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

Action

Post a Comment

0 Comments